’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے آخری حصے میں پال واکر کو اے آئی کے ذریعے لانے کی کوشش، بھائی کی مخالفت

ہالی ووڈ: مشہور فلمی سیریز ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے آنجہانی اداکار پال واکر کے بھائی کوڈی واکر نے اعلان کیا ہے کہ وہ سیریز کے آخری حصے میں اپنے بھائی کے کردار ’برائن او کونر‘ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے سکرین پر واپس لانے کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

’انٹرٹینمنٹ ویکلی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کوڈی واکر نے کہا کہ وہ 2028 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فاسٹ فار ایور‘ میں پال کے اسٹنٹ ڈبل کے طور پر کام کرنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پال کے کردار کو سیریز سے جس طرح رخصت کیا گیا وہ ایک خوبصورت اختتام تھا کیونکہ اس میں کردار کو مارنے کے بجائے بچوں کی پرورش کرتے دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر پال کی بیٹی میڈو واکر اپنے والد کا کردار دوبارہ دیکھنا چاہتی ہیں تو یہ فیصلہ ان کا ہونا چاہیے، جس کے لیے ان کی یا ان کے بھائی کالیب کی شمولیت کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پال واکر 2013 میں ’فوریئس 7‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد ان کے بھائیوں اور ویژیول ایفیکٹس کی مدد سے فلم مکمل کی گئی تھی۔ کوڈی واکر کا یہ بیان مرکزی اداکار ون ڈیزل کے اس خواہش کے برعکس ہے جس میں انہوں نے ڈوم اور برائن او کونر کو دوبارہ سکرین پر اکٹھا کرنے کا اظہار کیا تھا۔ یہ آخری فلم 17 مارچ 2028 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔