فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی کمپنی پاور یو ایس کے وفد کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی کمپنی ‘پاور یو ایس’ (Power US) کے اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد کی قیادت رابرٹ بریٹ ویلیکویچ (Robert Brett Velicovich) نے کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی خریداری، پیداوار، اور استعداد کار بڑھانے میں دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ دفاعی ٹیکنالوجی میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں اور جدید سیکیورٹی حل کے استعمال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی اور استحکام کے متقاضی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں جانب سے مستقبل میں دفاعی شعبے میں روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کا دائرہ کار مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔