ایران میں تباہ ہونے والے امریکی لڑاکا طیارے کے پائلٹ کے ڈرامائی ریسکیو کی ویڈیو 5 ماہ بعد جاری

واشنگٹن: ایران میں تباہ ہونے والے امریکی لڑاکا طیارے کے شدید زخمی پائلٹ کو انتہائی پیچیدہ آپریشن کے ذریعے ریسکیو کرنے کی ڈرامائی ویڈیو 5 ماہ بعد جاری کر دی گئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، رواں سال اپریل میں جنوب مغربی ایران کے اوپر امریکی ایف 15 ای (F-15E) طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد طیارے میں موجود عملے نے چھلانگ لگا دی تھی۔ طیارے سے ایجیکٹ کرتے وقت پیراشوٹ کی خرابی کے باعث ‘براوو’ نامی پائلٹ کی کمر، کندھا اور بازو ٹوٹ گئے تھے، جبکہ دوسرا اہلکار لینڈنگ کے چند گھنٹوں بعد ہی بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

شدید زخمی حالت میں پائلٹ 7 ہزار فٹ بلند پہاڑی سلسلے میں چھپ کر تقریباً 50 گھنٹے تک ایرانی فورسز سے بچتا رہا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سینٹکام کے مطابق، اس تاریخی سرچ اینڈ ریسکیو مشن میں 155 سے زائد طیاروں، ڈرونز اور اسپیشل آپریشن کمانڈ کے اہلکاروں نے حصّہ لیا۔ سی آئی اے نے بھی ایرانی فورسز کو گمراہ کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلائیں، جس کے بعد امریکی اسپیشل فورسز نے کامیابی سے پائلٹ کو ریسکیو کر لیا۔