لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام 8 فرنچائزز کے مالکان نے لیگ کے 12ویں ایڈیشن (پی ایس ایل 12) کو آئندہ سال جنوری میں منعقد کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، لندن میں منعقدہ پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں میڈیا رائٹس ہولڈرز کی جانب سے اپریل اور مئی میں محدود اشتہاری آمدنی کے خدشات کے پیشِ نظر ٹورنامنٹ کو جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز سامنے آئی۔
تاہم جنوری کی ونڈو میں لیگ کے انعقاد سے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (BBL) اور جنوبی افریقا کی SA20 کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کا چیلنج درپیش ہو سکتا ہے۔
علاوہ ازیں، جنوری اور فروری میں پنجاب میں شدید سردی اور دھند کے باعث ٹورنامنٹ کا آغاز کراچی سے کرنے اور بعد میں میچز پنجاب اور پشاور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
پی سی بی کے پاس اس وقت نومبر کے وسط سے مارچ تک کوئی بین الاقوامی سیریز شیڈول نہیں ہے کیونکہ قومی ٹیم اکتوبر نومبر میں انگلینڈ اور سری لنکا کی میزبانی کے بعد مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔
اجلاس میں براڈکاسٹرز اور فرنچائزز کی آمدنی بڑھانے کے لیے سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے اور ای اسپورٹس کے شعبے میں داخل ہونے پر بھی گفتگو کی گئی۔

