راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی ملک میں داخلے کی مذموم کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے 36 گھنٹے تک مسلسل آپریشن کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ افغان طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھانے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
صدارتی اور حکومتی قیادت سمیت وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو اس کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ‘وژن عزمِ استحکام’ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

