امریکا اور متحدہ عرب امارات کا ملٹری آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹاسک فورس ‘ٹیلون سائنپس’ قائم کرنے کا اعلان

دبئی: امریکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عسکری شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ’ملٹری آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹاسک فورس‘ قائم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اماراتی حکام کے مطابق اس مشترکہ ٹاسک فورس کا نام ’ٹیلون سائنپس‘ (Talon Synapse) رکھا گیا ہے اور اس کا ہیڈکوارٹر ابوظبی میں قائم کیا جائے گا۔ ٹاسک فورس میں دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے 20 منتخب ملٹری و ٹیکنالوجی ماہرین شامل ہوں گے جو باہمی سیکیورٹی اور ڈیجیٹل دفاع کے خطوط پر کام کریں گے۔

حکام کے مطابق یہ ٹاسک فورس بنيادی طور پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں تحقیقات اور آپریشنل کوآرڈینیشن کرے گی۔ اس کے علاوہ ٹاسک فورس کی دیگر اہم ترجیحات میں انٹیلیجنس معاونت کی فراہم، دونوں ممالک کی حساس و اہم تنصیبات کا تحفظ اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر کڑی نظر رکھنا شامل ہیں۔ اماراتی اور امریکی حکام کے مطابق ’ٹیلون سائنپس‘ جلد ہی اپنے باقاعدہ کام کا آغاز کر دے گی۔