امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن کی مشرق وسطیٰ میں تعیناتی، ابراہم لنکن کی جگہ سنبھال لی
واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تصدیق کی ہے کہ امریکی بحریہ کے جدید طیارہ بردار بحری بیڑے ’یو ایس ایس جارج واشنگٹن‘ نے مشرق وسطیٰ میں پہنچ کر اپنی آپریشنل پوزیشن سنبھال لی ہے۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یو ایس ایس جارج واشنگٹن نے گزشتہ 9 ماہ سے خطے میں تعينات طیارہ بردار جہاز ’یو ایس ایس ابراہم لنکن‘ کی جگہ لی ہے۔ ایران کے ساتھ کشیدگی اور جنگ کی صورتحال کے دوران ابراہم لنکن پر 5 ہزار سے زائد سیلرز اور ملٹری اہلکار تعینات تھے۔
واضح رہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے غیر ملکی میڈیا میں یہ رپورٹس سامنے آ رہی تھیں کہ طویل تعیناتی اور سہولیات کی کمی کی وجہ سے ابراہم لنکن پر موجود عملہ شدید ذہنی دباؤ اور صحت کے مسائل کا شکار ہو رہا تھا۔
سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے بھی اعتراف کیا تھا کہ ابراہم لنکن کے عملے کو سخت و چیلنجنگ حالات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پینٹاگون نے فوری طور پر ‘یو ایس ایس جارج واشنگٹن’ کو متبادل کے طور پر خطے میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

