عمران خان کی اسپتال منتقلی کے فیصلے خلاف نظرثانی درخواست: چیف کمشنر کی جلد سماعت کی اپیل

اسلام آباد: چیف کمشنر اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ کے ذریعے معائنے کے احکامات کے خلاف دائر نظرثانی درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کر دی ہے۔

چیف کمشنر کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ کے 18 اگست کے حکم پر نظرثانی، ترمیم اور اسے واپس لینے سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی جائے۔ درخواست گزار کے مطابق عدالتی حکم وقت کی پابندی سے مشروط تھا، اس لیے معاملے کی جلد سماعت ضروری ہے۔

ریویو پٹیشن میں بانی پی ٹی آئی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے فیصلہ جات کو چیلنج کرتے ہوئے 27 ویں آئینی ترمیم، آئین کے آرٹیکل 175(2) اور جیل قوانین کے تحت اہم قانونی و آئینی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ یہ معاملہ صرف طبی سہولیات کی فراہم تک محدود نہیں بلکہ اس سے قانونی و آئینی دائرہ اختیار اور انتظامی امور بھی جڑے ہوئے ہیں۔