پی ٹی آئی نے بانی کے علاج پر بھی سیاست کی، حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کیا: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر بانی چیئرمین عمران خان کی صحت اور طبی معائنے پر سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران عطا تارڑ نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معائنہ شفا کے ڈاکٹروں کی موجودگی اور ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان کی دیکھ بھال میں مکمل شفافیت کے ساتھ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے راستے اور الشفا اسپتال کے باہر پیدا کی جانے والی امن و امان کی صورتحال کے باعث سیکورٹی خدشات کے پیش نظر معائنہ پمز اسپتال میں کروایا گیا، جہاں الشفا کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پمز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر، پلس اور بینائی بالکل ٹھیک ہے اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اصل میں پی ٹی آئی رہنما خود عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے ہی بانی کے علاج کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور پاکستان بار کونسلز نے بھی پی ٹی آئی کے اس سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت نے کبھی بھی کسی قیدی کے علاج معالجے پر سیاست نہیں کی اور آئندہ بھی آئین و قانون کے مطابق تمام ضرورت کے تحت طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔