رزمک اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد ہلاک، میجر احسان الٰہی شہید
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں 5 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے، اسلحہ اور دیسی ساختہ بموں کے ذخیرے کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور میجر حافظ احسان الٰہی شہید کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ آئی ایس پی آر نے اعادہ کیا ہے کہ قومی ایکشن پلان اور ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔

