بلوچستان میں پائیدار امن لائیں گے؛ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کریں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی غیر متزلزل حمایت سے بلوچستان میں پائیدار امن قائم کریں گے، جبکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں اور ٹارگٹڈ آپریشنز دہشت گردی و اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جی ایچ کیو راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا کی آمد ہوئی جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان سے اہم اور تفصیلی خطاب کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن مسلح افواج اور غیور عوام کے اتحاد و استقامت سے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
جہاں بھی دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ہر صورت تباہ کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کے محبِ وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام ہی اس کا سب سے بڑا سرمایہ اور طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جامع اور عوام دوست ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بلوچستان کا سماجی و معاشی منظرنامہ تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے ملک کی بہتری اور یکجہتی کے لیے سول سوسائٹی، میڈیا، جامعات اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی ناگزیر ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں شرکا نے ملک کے استحکام اور خودمختاری کے لیے اپنے مکمل عزم کا اظہار کیا۔

