کوئٹہ: بلوچستان میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کا مشترکہ ‘آپریشن شعبان’ پوری کامیابی اور شدت کے ساتھ جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، تازہ ترین مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیوں کے دوران فورسز نے مزید 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد صرف ‘آپریشن شعبان’ میں مارے جانے والے شرپسندوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک جاری اس گرینڈ آپریشن اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مجموعی طور پر اب تک 114 خوارجی دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں اور جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ملنے والی اس بڑی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری فورسز انتہائی متحرک اور الرٹ ہیں، اور بلوچستان کی دھرتی پر معصوموں کا خون بہانے والے یہ درندے اب کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے عزم دہرایا کہ وطنِ عزیز سے ان دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

