عوام کو عالمی منڈی سے زیادہ ریلیف دیا؛ ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

لاہور: وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف منتقل کرنے کے لیے ہر وقت متحرک ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں جتنی کمی واقع ہوئی تھی، وزیراعظم شہباز شریف نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے عوام کو اس سے بڑھ کر ریلیف فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی عناصر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی پر لوگوں کو مسلسل گمراہ کر رہے ہیں، حالانکہ حکومت نے عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے 130 ارب روپے کی بھاری سبسڈی دی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں خام تیل (Crude Oil) کی قیمتوں اور علاقائی سپلائی چین پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آئے گی، عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک اور بڑا ریلیف دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو کم لاگت پر پورا کرنے کے حوالے سے ایک اہم تزویراتی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

اگر بین الاقوامی قوانین اور سفارتی تقاضوں کے مطابق کم قیمت پر ایران سے یہ درآمدات ممکن ہوئیں تو اس سے پاکستان کے درآمدی بل (Import Bill) میں نمیاں کمی آئے گی اور ملکی معیشت پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ اس وقت پیرس کی عدالت میں ہے، جہاں حکومتِ پاکستان اس کیس کی بھرپور پیروی کر رہی ہے اور ہم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ مل کر سفارتی سطح پر یہ معاملات حل کریں گے۔

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ حالیہ جنگ بندی اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے سے عالمی توانائی مارکیٹ مستحکم ہوئی ہے، اور ایرانی صدر نے ‘اسلام آباد امن معاہدہ’ کرانے میں شاندار اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے جو مشکل وقت عوام پر آیا تھا وہ اب گزر چکا ہے اور آنے والے دنوں میں معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے۔