دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کشمیری پاکستان سے نظریاتی رشتہ برقرار رکھیں، صدر ن لیگ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد میاں محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت اور جماعت کے مرکزی سینئر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران راولاکوٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر شرپسند عناصر کی جانب سے سرعام فائرنگ کرنے کی ایک مبینہ ویڈیو بھی سامنے آئی، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

قائد ن لیگ میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے موجودہ حالات پر گہرے رنج اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین اور کشمیر کے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنا دیرینہ نظریاتی، فکری اور محبت کا رشتہ برقرار رکھتے ہوئے مکمل طور پر پُر امن رہیں، اور سڑکوں پر جاری دھرنوں کو فوری طور پر ختم کر کے حکومت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کی راہ اختیار کریں۔

میاں نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ ایک واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتی ہے کہ مقبوضہ وادی کے غیور عوام کو اقوامِ متحدہ (UN) کی قراردادوں کے عین مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ن لیگ نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کو آئینی، بنیادی حقوق کی فراہمی اور وہاں تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو اولین ترجیح دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974ء کے تحت وہاں کے تمام شہریوں کو مکمل آزادیاں حاصل ہیں، اس لیے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایسی کشیدہ صورت حال کسی طور پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی، یہ ملک ہم سب کا ہے اور یہاں ہم سب نے بھائیوں کی طرح رہنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی حقوق کے لیے جو بھی جدوجہد کی جائے، وہ ہمیشہ ملک کے آئین اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے ہونی چاہیے؛ ن لیگ تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر امن و امان کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرے گی۔

صدر ن لیگ نے کشمیر میں حالیہ احتجاجی لہر کے دوران سرکاری اہلکاروں اور سول شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمے کا اظہار کیا اور اجلاس میں تمام مرحومین کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی بقا کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پاکستان نے بھی ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو اپنی ہی جدوجہد سمجھ کر ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کٹھن حالات میں حکومت پاکستان اور ملک کے دفاعی و سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، لہٰذا ہمیں پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے اور کسی بھی ایسے احتجاج یا عمل کا حصہ بننے سے سختی سے گریز کرنا چاہیے جس سے پاکستان کی دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد اور پراپیگنڈے کو تقویت ملے۔

اجلاس کے اختتام پر، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی سیاسی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔

انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے حالیہ علاقوں میں انتخابی مہم کو انتہائی بہتر، فعال اور منظم انداز میں چلانے اور پارٹی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے انجینئر امیر مقام کی انتھک محنت کی تعریف کی۔

نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے باصلاحیت عوام، وہاں کی مقامی حکومت اور حکومتِ پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر خطے میں مستقل امن کی بحالی اور جمہوری و انتخابی عمل کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے میں اپنا کلیدی اور مثبت کردار ادا کریں گے۔