ریاست ہمیشہ پہلے ماں بن کر پیار سے ڈیل کرتی ہے بعد میں باپ بنتی ہے، جے اے اے سی کو قانونی طریقے سے نمٹیں گے، سکیورٹی ذرائع
پاکستان کے اعلیٰ سکیورٹی حکام نے سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک اہم اور تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور اس کے پیچھے کارفرما بھارتی نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ملٹری فورس اور ریاستی جبر کے باوجود وہاں کے مسلمانوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو ختم نہ کر سکا اور نہ ہی ان کے جذبات کو خرید سکا۔ مقبوضہ وادی میں اپنی عبرتناک ناکامی کو چھپانے کے لیے مودی سرکار اور بی جے پی نے بھاری پیسہ لگا کر آزاد کشمیر میں آگ لگانے کی سازش کی ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں حقوق کی تحریک کے نام پر شروع ہونے والے اس احتجاج کے پیچھے ‘جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی’ (JAAC) کا اصل ایجنڈا کیا ہے اور یہ عناصر کہاں سے آپریٹ ہو رہے ہیں، ریاست اس کہانی سے پوری طرح باخبر تھی۔ جب ‘بلوچ یکجہتی کمیٹی’ (BYC) کو دہشت گرد تنظیم کہا گیا تھا تب بھی بہت شور مچا تھا، مگر وقت کے ساتھ وہ بھی کھل کر سامنے آ گئی۔
سکیورٹی ذرائع نے ریاستی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے ایک تاریخی جملہ کہا کہ "ریاست ہمیشہ پہلے ماں بن کر پیار محبت سے ڈیل کرتی ہے اور بعد میں باپ بنتی ہے”۔
انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت مسلسل سیاسی و پولیٹیکل عمل کو فالو کر رہی تھی اور دکانداروں کو کاروبار کھولنے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن اس کے برعکس جے اے اے سی کے شرپسندوں نے دکانیں کھولنے والوں کو آگ لگانے کی دھمکیاں دیں اور ناکے لگا کر آزاد کشمیر کی دھرتی پر بیٹھ کر ریاست مخالف نعرے لگائے۔
ہماری ڈیفالٹ اور اولین ترجیح ہمیشہ بات چیت ہی ہوتی ہے، لیکن اب چونکہ جے اے اے سی کا مکروہ چہرہ ہر لمحے مزید کھل کر سامنے آ رہا ہے، اس لیے ان شرپسند عناصر کو آئینی اور قانونی طریقے سے سختی سے ڈیل کیا جائے گا۔
سکیورٹی حکام نے یاد دلایا کہ پاکستان کا پہلا ‘نشانِ حیدر’ کشمیر کی نسبت سے ملا تھا اور پاک فوج میں تقریباً 40 فیصد جوانوں کا تعلق کشمیر سے ہے، ہمارا ایشو وہاں کی دہشت گرد رجیم سے ہے نہ کہ وہاں کے غیور عوام سے۔

