گرین شرٹس 64 سال بعد فٹبال کے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے

مالدیپ: پاکستانی فٹبال کے شائقین کے لیے ایک طویل عرصے بعد بڑی اور تاریخی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ مالدیپ میں کھیلے جا رہے ‘ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ’ کے ایک انتہائی اہم اور اعصاب شکن راؤنڈ رابن میچ میں پاکستان نے روایتی حریف افغانستان کو 0-2 سے عبرتناک شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے 35 برس بعد کسی سینئر بین الاقوامی ایونٹ، جبکہ 64 برس بعد کسی آزاد (اسٹینڈ الون) بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کا تاریخی اعزاز حاصل کیا ہے۔

مالدیپ کے خلاف پچھلے میچ میں 0-3 کی یادگار فتح کے بعد، ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کی زیرِ نگرانی گرین شرٹس کو فائنل میں جانے کے لیے اتوار کو صرف ایک ڈرا میچ درکار تھا، تاہم قومی ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔

میچ شروع ہوتے ہی پانچویں منٹ میں شائق دوست کے ایک بہترین اور نپے تلے کراس پر عمر نواز نے ایک ہی کلاسک ٹچ میں گیند کو حریف کے جال کی راہ دکھا کر پاکستان کو 0-1 کی برتری دلا دی۔

ابتدائی گول کے بعد اوٹس خان کے پاس پر عیسیٰ سلیمان نے بھی گول کرنے کی کوشش کی لیکن گیند بار کے اوپر سے نکل گئی۔ دوسری جانب، پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں افغان کپتان امید پوپلزئی کی فری کک کراس بار سے ٹکرا گئی اور پاکستان کی برتری برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں افغان ٹیم نے کم بیک کی بھرپور کوشش کی لیکن پاکستان کا دفاع چٹان کی طرح مضبوط رہا۔ کھیل کے آخری لمحات یعنی انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں ہارون حامد نے افغان ڈیفینڈرز کو چکما دیتے ہوئے ایک زور دار شاٹ کے ذریعے گیند کو گول پوسٹ میں ڈال کر پاکستان کی فتح پر حتمی مہر ثبت کر دی۔

یہ کامیابی پاکستان کی سینئر مینز فٹبال ٹیم کی حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا سنگِ میل ہے۔ یہ 1991 کے ساؤتھ ایشین فیڈریشن (سیف) گیمز کے بعد پاکستان کا پہلا بین الاقوامی فائنل ہوگا۔

مزید برآں، پاکستان 1962 کے مشہور ‘مردیکا ٹورنامنٹ’ (جہاں اسے انڈونیشیا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست ہوئی تھی) کے بعد پہلی مرتبہ کسی آزاد یا اسٹینڈ الون بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔

چند روز قبل ہی پاکستان نے مالدیپ کو ہرا کر 961 دن بعد اپنی پہلی بین الاقوامی فتح حاصل کی تھی اور اب یہ فائنل کا سفر فٹبال کی بحالی کا واضح ثبوت ہے۔

چار ملکی ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اب پاکستان 10 جون کو ہونے والے فائنل معرکے میں بنگلا دیش یا افغانستان میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گا۔