پاکستان عالمی امن کی نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب؛ فیلڈ مارشل عاصم منیر خود امن معاہدے کی ڈرافٹنگ کر رہے ہیں، فیصل واوڈا
اسلام آباد: آزاد سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے قیام کے لیے "فردِ واحد” کے طور پر تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ ممکنہ عالمی امن معاہدے کی ڈرافٹنگ خود اپنے ہاتھوں سے کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک خصوصی بیان میں فیصل واوڈا نے لکھا کہ الحمدللہ! فیلڈ مارشل عاصم منیر صاحب نے ہندوستان کو جنگ میں بدترین شکست دی اور اب وہ پاکستان یا صرف خطے تک محدود نہیں رہے، بلکہ بین الاقوامی طور پر پوری دنیا کے امن کے لیے زبردست کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے انتہائی پیچیدہ مذاکرات کی راہ ہموار کی ہے اور اب امن معاہدے کی تحریر (Drafting) بھی خود کر رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے تجزیے اور دعوے آنے والے دنوں میں غلط ثابت ہوں گے اور فیلڈ مارشل پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ایسی تاریخ رقم کریں گے جس کا کسی نے گمان بھی نہیں کیا ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ آئندہ چند دنوں یا ہفتوں میں بڑے عالمی رہنماؤں کی پاکستان آمد متوقع ہے، جس کے بعد دنیا کے امن کی نئی تاریخ لکھی جائے گی۔
فیصل واوڈا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اب نئے "ورلڈ آرڈر” میں نمایاں طور پر نظر آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، پاکستان کی تزویراتی اہمیت اور عسکری قیادت کی بصیرت نے ملک کو عالمی نظام میں ایک ایسی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے جہاں دنیا کی نظریں اب اسلام آباد پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان کا اختتام "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے نعرے کے ساتھ کیا۔

