بھارت ایک بار پھر اپنا شوق پورا کر لے، پچھلی بار سے زیادہ بری شکست دیں گے؛ بھارتی آرمی چیف کے بیان پر وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کرارا جواب
اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ جارحانہ بیان پر سخت اور کرارا ردِعمل دیتے ہوئے نئی دہلی کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں ماضی کی ناکامیوں اور سرپرائز سے تسلی نہیں ہوئی، تو وہ ایک بار پھر اپنا شوق پورا کر کے دیکھ لیں، پاک فوج انہیں پہلے سے بھی زیادہ عبرت ناک شکست سے دوچار کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بھارتی عسکری قیادت کو ماضی کی مہم جوئی یاد دلائی۔ انہوں نے روایتی سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پچھلی بار جارحیت کی غلطی کر کے خود اپنی مانگ کا سندور اجاڑا تھا، اور بھارتی سورما آج تک اس حالیہ جنگ اور فضائی معرکے میں ناکامی کی ذلت کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ جو پچھلی بار ان کے ساتھ ہوا تھا، اس سے ان کی تسلی نہیں ہوئی۔
وزیرِ دفاع نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت براہِ راست لڑنے کے بجائے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ افغانستان میں اس وقت بھی بھارتی پراکسیز بیٹھی ہوئی ہیں اور بھارت وہاں کے ذریعے ایک منظم پراکسی جنگ لڑ رہا ہے۔
خواجہ آصف نے افغانستان کی صورتحال اور بھارتی عزائم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس محاذ پر بھی جو حالات ہیں، بھارت اپنا شوق پورا کر لے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتی ہیں اور کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارت کو پچھلی دفعہ سے کہیں زیادہ بری اور تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، انشا اللہ اس بار ان کی تسلی لازمی ہو جائے گی۔

