معرکہِ حق میں بھارتی S-400 نظام کی تباہی؛ سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے پاکستانی مؤقف کی تصدیق کر دی، بھارتی جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

بلغراد: ‘معرکہِ حق’ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی ذلت آمیز فوجی پسپائی اور سفارتی ہزیمت کا عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعتراف سامنے آیا ہے۔

وسطی یورپی ملک سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بطور غیر جانبدار مبصر زمینی شواہد اور ڈیٹا کی بنیاد پر حقائق آشکار کرتے ہوئے، جنگ کے دوران بھارتی فوج کے فخر سمجھے جانے والے S-400 فضائی دفاعی نظام کی تباہی کے پاکستانی مؤقف پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔

سربین صدر الیگزینڈر ووچیچ نے اپنے انٹرویو میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے استعمال کیے گئے چینی ساختہ جدید ہتھیاروں نے انتہائی غیر معمولی اور تباہ کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی S-400 دفاعی نظام کے ریڈار کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ چینی سیٹلائٹس کی لائیو فوٹیج اور امیجری کے ذریعے یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا کہ فرانسیسی ساختہ ریڈار کہاں تباہ ہوا اور S-400 کے مرکزی ریڈار سسٹم کو کس جگہ درست طریقے سے ہٹ کیا گیا۔

صدر الیگزینڈر ووچیچ کا مزید کہنا تھا کہ نئی دہلی کی جانب سے مسلسل تردید اور جھوٹے دعووں کے باوجود، عالمی سطح پر دستیاب تمام انٹیلی جنس رپورٹس اور ڈیٹا واضح طور پر S-400 ریڈار سسٹم کے مکمل طور پر متاثر اور ناکارہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق، بھارت نے پاکستان پر شب خون مارنے کے لیے سنسنی خیز نام نہاد ‘آپریشن سندور’ شروع کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستان کو بڑا نقصان پہنچایا ہے، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی میڈیا نے اس پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے مؤثر دفاع کی تائید کی تھی۔ اب سربیا کے صدر کے اس بیان نے نئی دہلی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک یورپی اور غیر جانبدار ملک کے سربراہ کی جانب سے S-400 کی تباہی کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا اب بھارتی میڈیا کی جانب سے بنے گئے مبالغہ آمیز اور من گھڑت بیانیوں پر یقین کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

بھارت عسکری شواہد کو دنیا سے زیادہ دیر تک نہیں چھپا سکا اور آخر کار سچائی کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ پاکستان کے سرجیکل اسٹرائیکس اور دفاعی ردِعمل نے بھارتی فضائی دفاع کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔