پاکستان امریکہ کا مخلص دوست ہے، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا کردار شاندار ہے؛ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا بڑا اعتراف

سنگاپور: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی تزویراتی قربتوں کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کو امریکہ کا ‘مخلص دوست’ قرار دے دیا ہے۔

سنگاپور میں منعقدہ تین روزہ عالمی سیکیورٹی کانفرنس ‘شانگری لا ڈائیلاگ’ کے دوران ایک انٹرویو اور سوال و جواب کے سیشن میں انہوں نے پاکستانی قیادت کے عالمی امن کے لیے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حساس امن مذاکرات میں پاکستان کے ثالثی کے کردار پر بات کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا ایک مخلص دوست ہے، اور میں یہ واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اس وقت امن مذاکرات میں جو شاندار کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابلِ ستائش ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک سچی اور حقیقی دوستی پروان چڑھ رہی ہے جو عالمی سلامتی کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔

جنوبی ایشیا میں دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک سوال پر پیٹ ہیگستھ نے بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے گزشتہ برس پاک بھارت جنگ رکوانے میں صدر ٹرمپ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جوہری طاقتیں ہیں اور ایک دوسرے سے خطرہ محسوس کرتے ہیں، لیکن امریکہ ان دونوں ممالک کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے امن کی راہ اپنا کر دنیا کو فائدہ پہنچایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جب صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کا کریڈٹ لیا تھا تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس کی تردید کی تھی، جبکہ پاکستانی حکام نے امریکی صدر کی کوششوں کو سراہا تھا۔ پیٹ ہیگستھ کے حالیہ بیان نے ثابت کر دیا ہے کہ واشنگٹن اب اسلام آباد کو خطے میں ایک کلیدی اور قابلِ بھروسہ شراکت دار کے طور پر دیکھ رہا ہے۔