پاکستان نے اپنے 1000ویں ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے دھول چٹا دی

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے ایک ہزارویں (1,000) تاریخی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کا جشن آسٹریلیا کے خلاف 5 وکٹوں کی شاندار اور یکطرفہ فتح کے ساتھ منایا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں مہمان کینگرز پاکستانی بولرز اور بیٹرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، جس کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا کپتان شاہین شاہ آفریدی کا فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے 19 سالہ نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے آسٹریلین بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 32 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

عرفات منہاس پاکستان کی تاریخ میں اپنے ون ڈے ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے سابق کرکٹر ذاکر خان کا 1984 (بمقابلہ نیوزی لینڈ، 4 وکٹیں) کا 42 سال پرانا قومی ریکارڈ توڑ دیا۔

عرفات کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں محض 200  رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا 61 اور میتھیو شارٹ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مارنس لبوشین اور کیمرون گرین جیسے بڑے نام بغیر کوئی رن بنائے عرفات منہاس کا شکار بنے۔

پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ۔

201 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور اوپنرز معاذ صداقت (8) اور صاحبزادہ فرحان (28) رنز بنا کر 49 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر اسٹار بیٹر بابر اعظم اور نوجوان غازی غوری نے آسٹریلوی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس کھیلے۔

بابر اعظم نے 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ان  کے ساتھ غازی غوری نے 8 شاندار چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔

دونوں کے آؤٹ ہونے اور سلمان آغا (6) کی جلد رخصتی کے بعد عرفات منہاس (18 ناٹ آؤٹ) اور عبدالصمد (1 ناٹ آؤٹ) نے کریز سنبھالی اور 43 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی اس یادگار فتح نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں اس کے ناقابلِ شکست رہنے کے ریکارڈ کو بھی برقرار رکھا ہے۔

سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 2 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔