ایران کو جوہری ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، ضرورت پڑی تو فوجی آپریشن دوبارہ شروع کر سکتے ہیں؛ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ

سنگاپور: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایران اور چین کے حوالے سے واشنگٹن کی سخت گیر پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اگر جاری مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو ایران کے خلاف فوجی آپریشن دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔

سنگاپور میں دفاعی رہنماؤں، فوجیوں اور سفارت کاروں کے ایشیا کے سب سے بڑے فورم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ چھڑنے کی صورت میں امریکی فوج نہ صرف تیار ہے بلکہ اس کی صلاحیت اور اہلیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلحے کے ذخائر پوری دنیا سے کہیں زیادہ اور وافر ہیں، ہم دوبارہ حملے شروع کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ اسی صورت میں قبول ہوگا جب وہ ایک ‘اچھا اور مؤثر’ معاہدہ ہو۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وائٹ ہاؤس کے ‘سچویشن روم’ میں ایران پر اہم اجلاس کے باوجود صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ بیجنگ سمیت کوئی بھی ملک خطے پر اپنی بالادستی قائم نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرالکاہل میں کسی ایک طاقت کی بالادستی سے طاقت کا عالمی توازن بگڑ جائے گا، لہٰذا چین کو خطے میں امریکہ کی پوزیشن اور کردار کا احترام کرنا ہوگا۔

تاہم، انہوں نے تسلیم کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکہ اور چین کے تعلقات کئی برسوں کی سب سے بہتر سطح پر ہیں اور چینی ہم منصبوں کے ساتھ فوجی رابطے مسلسل برقرار رکھے جا رہے ہیں۔

پیٹ ہیگستھ نے امریکی خارجہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکہ امیر ممالک کے دفاعی اخراجات کا بوجھ نہیں اٹھائے گا۔ اتحادی ممالک کو اپنی دفاعی ذمہ داریاں اب خود پوری کرنا ہوں گی۔ امریکہ عالمی سلامتی کے لیے اپنی بنیادی ذمہ داریاں ضرور ادا کرتا رہے گا لیکن مالی بوجھ کی تقسیم اب منصفانہ ہوگی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ایران کے ساتھ تنازعات میں مصروف ہونے کے باوجود امریکہ نے ایشیا پیسیفک خطے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائی ہے اور وہ یہاں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔