ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے 26 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، لیونل میسی ایک بار پھر کپتان مقرر

بیونس آئرس: فٹ بال کی دنیا کے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 26 رکنی مضبوط اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ توقعات کے مطابق، لیجنڈری فٹ بالر اور سپر اسٹار لیونل میسی ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہ میسی کے شاندار کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ ہوگا، جو کہ فٹ بال کی تاریخ کا ایک نادر اعزاز ہے۔

39 سالہ لیونل میسی، جنہوں نے 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو فرانس کے خلاف تاریخی فتح دلا کر عالمی چیمپئن بنایا تھا، اب پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے چھ مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والے دنیا کے گنتی کے کھلاڑیوں میں شامل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ میسی اب تک ارجنٹینا کے لیے 198 میچز کھیل چکے ہیں۔ اگر وہ ٹورنامنٹ سے قبل ہونڈوراس اور آئس لینڈ کے خلاف دوستانہ میچز میں شرکت کرتے ہیں تو وہ 200 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کر لیں گے۔

ارجنٹینا کے کامیاب کوچ لیونل اسکیلونی نے تجربہ کار کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کا بہترین امتزاج تیار کیا ہے۔ اسکواڈ کے اہم کھلاڑیوں میں گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز، دفاعی پوزیشن پر لیسانڈرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو اور مڈ فیلڈ پر الیکسس میک الیسٹر، اینزو فرنینڈیز۔

یاد رہے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کیا جا رہا ہے۔ ارجنٹینا کو گروپ ‘جے’ (Group J) میں رکھا گیا ہے۔ ارجنٹینا اپنی مہم کا آغاز 17 جون کو الجزائر کے خلاف میچ سے کرے گا جبکہ دفاعی چیمپئن کے دیگر مقابلے آسٹریا اور اردن کے خلاف ہوں گے۔

فٹ بال ماہرین کا خیال ہے کہ ارجنٹینا اپنے موجودہ اسکواڈ اور میسی کی فارم کے ساتھ ٹائٹل کے دفاع کے لیے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔