"پاکستان ہمارا ناقابلِ شکست دوست ہے”؛ بیجنگ میں صدر شی جن پنگ کی شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات
بیجنگ: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جو نہایت گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے عالمی سطح پر، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے "تعمیری اور ثالثی” کردار کی بھرپور تعریف کی۔
ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ صدر شی جن پنگ نے فیلڈ مارشل کو چین آمد پر خصوصی خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ فیلڈ مارشل ایران کے اہم دورے سے واپس آئے ہیں۔ امن کے لیے ان کی مثبت کوششیں اور امریکہ-ایران رابطوں میں پاکستان کے ثالثی اقدامات انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور پاکستان خطے کو کسی بڑے بحران سے بچانے کے لیے اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو اپنا "پرانا دوست” اور "آہنی بھائی” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ بین الاقوامی صورتحال کیسی ہی کیوں نہ ہو، چین اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ ترجیح اول دے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو یکطرفہ اقدامات اور ‘سرد جنگ کی ذہنیت’ کی مل کر مخالفت کرنی چاہیے اور سیکیورٹی تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینی چاہیے۔
بیجنگ میں ہونے والی ان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے دوران سرمایہ کاری، زراعت، موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل تبدیلی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 15 مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کو پاکستان کے ترقیاتی پروگرام "اڑان پاکستان” سے ہم آہنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ چین کے خلائی اسٹیشن پروگرام کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی تکنیکی اور اسٹریٹجک مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے ون چائنا پالیسی پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور سی پیک (CPEC) کے اگلے مرحلے میں صنعتکاری اور سائنس و ٹیکنالوجی کو کلیدی اہمیت دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔ دونوں قیادتوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک چین دوستی کی تاریخی وراثت کو مستقبل پر مبنی عملی تعاون کے ایک نئے اور بلند تر مرحلے میں داخل کیا جائے گا۔

