’’تھری ایڈیٹس‘‘ کے سیکوئل کی تیاریاں تیز؛ عامر خان کا گرین سگنل، وکی کوشل کی انٹری اور کہانی میں بڑے ‘ٹائم جمپ’ کا امکان
ممبئی: بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے مقبول اور بااثر فلموں میں شمار ہونے والی ’’تھری ایڈیٹس‘‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ 17 سال بعد اس شاہکار فلم کے سیکوئل پر کام شروع ہونے کی اطلاعات نے فلمی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔
تازہ ترین رپورٹس کے مطابق، اس بار کہانی روایتی تسلسل کے بجائے ایک بڑے ‘ٹائم جمپ’ کے ساتھ پیش کی جائے گی، جس میں مرکزی کرداروں کی زندگی کے ایک بالکل نئے اور مختلف دور کی عکاسی ہوگی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اس میگا پروجیکٹ پر ابتدائی کام کا آغاز کر دیا ہے۔ فلم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ہدایتکاری کی ذمہ داریاں ایک بار پھر راجکمار ہیرانی کے سنبھالنے کا امکان ہے، جنہوں نے 2009 میں اپنی منفرد سوچ سے اس کہانی کو لافانی بنایا تھا۔
نئے سیکوئل میں جہاں پرانی یادوں اور نوسٹیلجک انداز کو برقرار رکھا جائے گا، وہیں ایک نیا زاویہ بھی متعارف کرایا جائے گا جو آج کی نسل کے مسائل اور تعلیمی نظام کی عکاسی کرے گا۔
اس بار کاسٹنگ میں بھی ایک بڑا سرپرائز دیکھنے کو مل رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار وکی کوشل کو ایک اہم اور نئے کردار کے لیے زیرِ غور لایا گیا ہے۔ وکی کوشل کی شمولیت کہانی میں ایک نیا موڑ لا سکتی ہے، جس سے فلم کا کینوس مزید وسیع ہو جائے گا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سیکوئل نہ صرف پرانے ایڈیٹس (عامر خان، آر مادھون اور شرمن جوشی) کو دوبارہ ایک فریم میں لائے گا بلکہ نئی نسل کے فنکاروں کے ذریعے کہانی کو جدید رنگ بھی دے گا۔
یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی ’’تھری ایڈیٹس‘‘ نے نہ صرف باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑے تھے بلکہ عالمی سطح پر نوجوانوں کی سوچ اور تعلیمی نظام پر گہرے اثرات مرتب کیے تھے۔
اب سیکوئل کی خبروں نے شائقین کی توقعات کو آسمان پر پہنچا دیا ہے اور سوشل میڈیا پر رانچو، فرحان اور راجو کی واپسی کے چرچے عام ہیں۔

