محمد عباس کا تاریخی کارنامہ، سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا

ٹاروبا (ترینیڈاڈ): پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق عظیم کپتان اور آل راؤنڈر عمران خان کا طویل عرصے سے قائم تاریخی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے دوران محمد عباس نے پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں بھی تباہ کن آغاز کیا اور برینڈن کنگ، کیوم ہوج اور جسٹن گریوز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان وکٹوں کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں کم از کم 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولرز کی فہرست میں محمد عباس کا بولنگ اوسط 22.69 پر آ گیا، جو عمران خان کے 22.81 کے اوسط سے بہتر ہے۔ اس کامیابی کے بعد محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے قومی فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔

پاکستان کے لیے بہترین ٹیسٹ بولنگ اوسط (کم از کم 100 وکٹیں):

  • محمد عباس: 30 ٹیسٹ میچز – 116 وکٹیں – اوسط 22.69
  • عمران خان: 88 ٹیسٹ میچز – 362 وکٹیں – اوسط 22.81
  • وقار یونس: 87 ٹیسٹ میچز – 373 وکٹیں – اوسط 23.56

اس کے ساتھ ہی 36 سالہ فاسٹ بولر بیرونِ ملک 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔

اس فہرست میں ان سے قبل وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل شامل ہیں، جبکہ ان تمام عظیم گیند بازوں کے مقابلے میں بھی محمد عباس کا بولنگ اوسط سب سے بہترین اور منفرد ہے۔