’ٹوائے اسٹوری 5‘ کا باکس آفس پر راج، ایک ارب ڈالر کمانے والی 2026 کی پہلی فلم بن گئی

لاس اینجلس: ڈزنی اور پکسر کی مقبول ترین اینیمیٹڈ فرنچائز کی نئی پیشکش ’ٹوائے اسٹوری 5‘ نے عالمی باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے ایک ارب ڈالر (1 Billion Dollars) کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس شاندار کامیابی کے بعد یہ فلم سال 2026 میں ایک ارب ڈالر کمانے والی پہلی ہالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔

سینما گھروں میں ریلیز کے محض ایک ماہ کے اندر فلم نے عالمی سطح پر زبردست بزنس کیا اور اپنی فرنچائز کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ حاصل کی، جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

اینڈریو اسٹینٹن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں روایتی کھلونوں کو جدید دور کی ٹیکنالوجی اور ‘لیلی پیڈ’ نامی ٹیبلٹ کے چیلنج کا سامنا دکھایا گیا ہے، جہاں وہ یہ ثابت کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل دور میں بھی حقیقی کھیل کی اہمیت برقرار ہے۔ فلم میں ٹام ہینکس نے ‘ووڈی’ اور ٹم ایلن نے ‘بز لائٹ ایئر’ کو اپنی آوازیں دی ہیں۔

پکسر اسٹوڈیو کے لیے یہ کامیابی ایسے وقت میں انتہائی اہم ثابت ہوئی ہے جب ادارہ حالیہ دنوں میں ملازمتوں میں کمی کے کٹھن مرحلے سے گزرا ہے۔ فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں فلم کی مجموعی کمائی میں مزید نمایاں اضافہ متوقع ہے۔