اسلام آباد: پاکستان نے ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے گہرے سمندر میں امریکی تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار 11 پاکستانی اور برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کو بحفاظت رہا کروا لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس اہم کامیابی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الحمدللہ، پاکستان نے سنگاپور کے تعاون اور متبادل سفارتی ذرائع سے تمام 31 شہریوں کی وطن واپسی کو ممکن بنا دیا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ تمام رہا ہونے والے افراد مکمل خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ یہ تمام افراد سنگاپور سے بینکاک پہنچے اور وہاں سے آج رات اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں، جہاں سے ایرانی بھائیوں کو تہران روانگی کے لیے تمام سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسحاق ڈار نے اس پیچیدہ آپریشن کو کامیاب بنانے پر عالمی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر سنگاپور کے وزیراعظم، حکومت اور وزیر خارجہ ویویان بالا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی درخواست پر مسلسل رابطہ برقرار رکھا۔
نائب وزیراعظم نے امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو اور حکومتِ امریکہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے قریبی اور مثبت تعاون کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم سیہاسیک پھوئنگ کیٹکیو کا بینکاک ٹرانزٹ میں سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیرونِ ملک مشکلات کا شکار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مشن کو کامیاب بنانے پر وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ اور سنگاپور و تھائی لینڈ میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کی انتھک محنت لائقِ تحسین ہے۔

