راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے دستوں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی۔
فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی اس شدید جھڑپ میں پاک فوج کے ایک فیلڈ آفیسر سمیت 5 بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔
شہداء میں میجر توصیف احمد بھٹی (تعلق ضلع پاکپتن، عمر 31 برس)، نائیک فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کیا گیا اور "عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے دہشت گردی کی بیخ کنی تک ایسی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بارکھان آپریشن میں شہید ہونے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میجر توصیف احمد اور ان کے جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر عہدِ وفا کی عظیم مثال قائم کی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے اور بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی یہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ علاقے میں مکمل کلیئرنس تک سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

