ایوانِ صدر میں سول اعزازات کی پروقار تقریب؛ صدر آصف علی زرداری نے شہداء سمیت اہم شخصیات کو قومی ایوارڈز سے نوازا
اسلام آباد: ایوانِ صدر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں اور گرانقدر خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں سول اعزازات تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے منتخب شخصیات میں قومی ایوارڈز تقسیم کیے۔
تقریب میں وفاقی وزراء، عسکری حکام، غیر ملکی سفارتکاروں اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر صدرِ مملکت نے توانائی، جمہوریت، ادب، صحافت، کھیل، صحت اور دفاعِ وطن کے لیے بے مثال خدمات پیش کرنے والوں کو نشانِ امتیاز، ہلالِ امتیاز، ہلالِ شجاعت، ستارہ پاکستان اور ستارہ شجاعت سمیت دیگر تمغوں سے نوازا۔
توانائی کے شعبے میں کامیاب اصلاحات پر وفاقی وزیر اویس لغاری اور مشیر نجکاری محمد علی کو ہلالِ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔ جمہوریت کے لیے طویل جدوجہد پر نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کو نشانِ امتیاز عطا کیا گیا جبکہ ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر معروف ادیب عطا الحق قاسمی، اصغر ندیم سید اور مرحوم عرفان الحق صدیقی کو نشانِ امتیاز اور ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔
کھیلوں کے میدان میں قومی کرکٹر شاہد آفریدی کو ہلالِ امتیاز دیا گیا، جبکہ نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف کے لیے ہلالِ امتیاز کا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا۔
بحرین کے سفارتکار محمد ابراہیم محمد عبدالقادر کو پاکستان اور بحرین کے تعلقات مضبوط بنانے پر ستارہ پاکستان کا اعزاز دیا گیا۔
تقریب کے دوران وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج اور پولیس کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
سپاہی شاہ ولی خان، سپاہی اظہر محمود شہید، اے ایس آئی اعجاز خان شہید اور کانسٹیبل عالم زیب شہید سمیت متعدد جوانوں کو بے مثال بہادری پر ہلالِ شجاعت اور ستارہ شجاعت کے اعزازات سے نوازا گیا۔
سینیٹر ہدایت اللہ شہید اور ماہرِ تعلیم نواب علی شہید کو بھی ان کی قربانیوں پر ستارہ شجاعت دیا گیا۔
صدرِ مملکت نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ قوم اپنے ہیروز، دانشوروں، سائنسدانوں اور شہداء کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی جن کی بدولت پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔

