فیس بک کا مفت ویریفکیشن بیج متعارف کرانے کا اعلان

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا نیٹ ورک میٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بننے والی جعلی شناختوں کی روکتھام اور حقیقی صارفین کی تصدیق کے لیے مفت فیس بک ویریفائیڈ پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

نئے پروگرام کے تحت 18 سال یا اس سے زائد عمر کے اہل صارفین بغیر کسی ماہانہ یا سالانہ سبسکرپشن فیس کے مفت ویریفکیشن بیج حاصل کر سکیں گے۔

اس عمل کے لیے صارف کو صرف ایک مختصر سیلفی ویڈیو ریکارڈ کر کے جمع کرانی ہو گی، جسے فیس بک جدید فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے پروفائل تصاویر سے ملا کر تصدیق کرے گا۔ یہ پورا عمل چند ہی منٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔

میٹا کے مطابق یہ مفت بیج نیلا (بلیو) ٹک نہیں ہوگا اور نہ ہی یہ کسی شخص کی شہرت یا قابلِ اعتماد ہونے کی ضمانت دے گا، بلکہ اس کا مقصد صرف یہ ثابت کرنا ہے کہ متعلقہ پروفائل کسی حقیقی انسان کی ہے۔

یہ سہولت صرف ان اکاؤنٹس کے لیے دستیاب ہو گی جو فیس بک کی پالیسیوں پر پورا اترتے ہوں اور کسی قسم کی غیر مستند یا دھوکے پر مبنی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔

فی الوقت یہ فیچر پیجز اور پروفیشنل موڈ اکاؤنٹس کے لیے دستیاب نہیں ہے اور اسے مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے فعال کیا جا رہا ہے۔