اسلام آباد: پاک بحریہ کے 4 کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترقی پانے والے افسران میں کموڈور تصور اقبال، کموڈور محمد عمیر، کموڈور شاہد واصف اور کموڈور راؤ احمد عمران انور شامل ہیں۔
ترقی پانے والے افسران کا تعارف:
ریئر ایڈمرل تصور اقبال: 1995ء میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ نیوی وار کالج لاہور، این ڈی یو اسلام آباد اور فرانس سے انٹر سروسز اسٹاف کورس سے فارغ التحصیل ہیں۔ کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی رہ چکے ہیں، جبکہ اس وقت کمانڈر ویسٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
ریئر ایڈمرل محمد عمیر: 1996ء میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا۔ چین اور امریکہ سے کورسز کیے اور پی این ایس قوت، طارق اور تبوک کے کمانڈنگ آفیسر رہے۔ اس وقت کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کراچی تعینات ہیں اور ستارہ امتیاز (ملٹری) ہولڈر ہیں۔
ریئر ایڈمرل شاہد واصف: 1996ء میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے کنگز کالج لندن اور ڈیکن یونیورسٹی آسٹریلیا سے ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری رہ چکے ہیں اور اس وقت کمانڈر 25 ڈسٹرائر اسکواڈرن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ریئر ایڈمرل راؤ احمد عمران انور: 1996ء میں کمیشن حاصل کرنے والے افسر برطانیہ اور این ڈی یو کے فارغ التحصیل ہیں۔ وہ نئی دہلی (بھارت) میں نیول ایڈوائزر (پاکستان) اور اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کی اہم ذمہ داریوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں نیول سیکرٹری کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا ہے۔

