چین روانگی سے قبل ٹرمپ کی ایران کو دھمکی: "درست فیصلہ کرو ورنہ امریکا ایکشن لے گا”

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کو سخت وارننگ دی ہے کہ وہ درست فیصلہ کرے ورنہ امریکا اپنا "کام مکمل” کر دے گا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہیں یقین ہے کہ ایران مستقبل میں نہ صرف یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر روک دے گا بلکہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوششیں بھی ترک کر دے گا۔

صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ کسی بھی نئے معاہدے کے تحت امریکا ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مواد (ایٹمی فضلہ) اپنی تحویل میں لے لے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران پر پابندیاں برقرار رہیں گی اور وہ مذاکرات میں کسی قسم کی عجلت کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ ماضی میں ایرانی حکام سے براہِ راست رابطے کر چکے ہیں اور اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو گئے تو مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے مثبت کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ‘بہترین شخصیت’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "فیلڈ مارشل” عاصم منیر ایک شاندار انسان ہیں اور حالیہ مذاکراتی عمل میں پاکستان کا کردار نہایت شاندار رہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمانی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے دوبارہ ایرانی سرزمین کو نشانہ بنایا تو ایران جوابی کارروائی کے طور پر یورینیم کی افزودگی کو 90 فیصد تک لے جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ چینی صدر سے ایران کے معاملے پر بات تو کریں گے لیکن انہیں اس مسئلے کے حل کے لیے کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ امریکا کسی نہ کسی طرح یہ جنگ جیت لے گا۔