پاکستان میں عید الاضحیٰ کب ہوگی؟ سپارکو نے ذوالحج کے چاند کی رویت سے متعلق بڑی پیشگوئی کر دی

کراچی: پاکستان میں عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی موافق ہیں۔

ترجمان سپارکو کے مطابق، ذوالحجہ کے نئے چاند کی پیدائش 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر ہوگی۔ 17 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔

سپارکو نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سورج غروب ہونے اور چاند چھپنے کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ ہوگا، جو چاند کی رویت کے لیے بہترین حالات فراہم کرتا ہے۔

ان اعداد و شمار کی روشنی میں سپارکو کا کہنا ہے کہ یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی۔

تاہم، ترجمان نے واضح کیا کہ چاند کی رویت اور اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر اعلان کرنے کا قانونی مجاز ادارہ ہے۔