اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے چین اور آسٹریا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال اور ایران-امریکا مذاکرات میں پاکستان کے کلیدی کردار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کے ساتھ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
چینی وزیرِ خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان روابط میں پاکستان کے "تعمیری ثالثی کردار” کی تعریف کی اور اس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر جشن منانے اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب، آسٹریا کی وزیرِ خارجہ بیتے مائنل ریزنگر نے بھی اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطے میں پاکستان کی مثبت سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ایک موثر سہولت کار کے طور پر ابھرا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل میں اپنی معاونت جاری رکھے گا۔ ان رابطوں کو عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

