"نور خان ایئر بیس پر ایرانی طیاروں سے متعلق رپورٹ گمراہ کن ہے”؛ دفتر خارجہ نے سی بی ایس نیوز کا دعویٰ مسترد کر دیا

اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے نور خان ایئر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا، بالخصوص ‘سی بی ایس نیوز’ کی رپورٹ کو "گمراہ کن اور سنسنی خیز” قرار دے کر سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی قیاس آرائیوں کا مقصد خطے میں امن اور استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ حالیہ جنگ بندی اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا، دونوں ممالک کے متعدد طیارے پاکستان پہنچے تھے۔

ان طیاروں کا مقصد مذاکراتی عمل سے وابستہ سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اہلکاروں کی آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض طیارے اور معاون عملہ مذاکرات کے اگلے دور کی توقع کے پیشِ نظر عارضی طور پر پاکستان میں ہی قیام پذیر رہے۔

دفتر خارجہ نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان میں موجود ایرانی طیارے کا کسی بھی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی انتظامات سے کوئی تعلق نہیں۔ ان طیاروں کا استعمال ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد اور جاری اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطوں کے لیے لاجسٹک اور انتظامی معاونت کے طور پر کیا گیا۔

پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار سہولت کار کے طور پر تمام فریقوں کو شفاف طریقے سے معاونت فراہم کی ہے اور وہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔