"عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں”؛ صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف کو اہم ہدایات

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے اور عام آدمی کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

یہ ہدایات انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایوانِ صدر میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران جاری کیں۔

ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ مشکل جغرافیائی حالات، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی سپلائی چین متاثر ہونے کی وجہ سے چیلنجز موجود ہیں، تاہم حکومت کی اولین ترجیح عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستی فراہمی ہونی چاہیے۔

ملاقات میں ‘معرکہ حق’ کے شہدا اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور قومی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔