صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 مئی کو بیجنگ پہنچیں گے؛ امریکی فضائیہ کے طیارے لاجسٹک سامان لے کر چین پہنچ گئے، شی جن پنگ سے اہم ملاقات طے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔

صدر ٹرمپ کے پہنچنے سے قبل امریکی فضائیہ کے سی-17 (C-17) گلوب ماسٹر III طیارے بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں، جن میں صدر کے دورے کے لیے ضروری گاڑیاں، جدید سکیورٹی آلات اور دیگر لاجسٹک سامان لایا گیا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 13 سے 15 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔

اپنی دوسری مدتِ صدارت کے اس پہلے دورۂ چین کے دوران صدر ٹرمپ صدر شی جن پنگ سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں تجارت، تائیوان، عالمی سلامتی اور خاص طور پر ایران کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، اس دورے کا مقصد صرف رسمی ملاقاتیں نہیں بلکہ امریکا کے لیے نئے تجارتی معاہدے اور اقتصادی فوائد حاصل کرنا ہے۔ صدر ٹرمپ بیجنگ پر ایرانی تیل کی خریداری کم کرنے کے لیے دباؤ بڑھانے کی کوشش بھی کریں گے۔

سفارتی مصروفیات کے علاوہ صدر ٹرمپ بیجنگ کے تاریخی مقام ‘ٹیمپل آف ہیون’ کا دورہ کریں گے اور ان کے اعزاز میں شاہانہ سرکاری ضیافت بھی دی جائے گی۔

یاد رہے کہ 2017 کے بعد کسی بھی امریکی صدر کا یہ پہلا دورہ چین ہوگا، جسے عالمی سیاست میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔