"اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا”؛ انٹیلیجنس ایجنسیوں نے خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کی پریس کانفرنس

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ انٹیلیجنس ایجنسیوں نے ایک بڑی کارروائی کے دوران بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر کے پاکستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔

کوئٹہ میں گرفتار خاتون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس خاتون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا، جسے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنایا گیا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں، وہ اپنے بین الاقوامی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے معصوم بچیوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار خاتون کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بچیوں کو تعلیم دینا چاہتی ہے جبکہ دہشت گرد انہیں خودکش جیکٹس پہنا رہے ہیں، تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس بچی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران گرفتار خاتون نے اعتراف کیا کہ اس کے کزن نے اسے بی ایل اے کے لیے کام کرنے پر قائل کیا اور خودکش حملے کے لیے اس کی ذہن سازی کی گئی۔ خاتون نے جذباتی انداز میں اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خودکش بمبار نہیں بلکہ ڈاکٹر یا استانی بننا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے انٹیلیجنس ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ خواتین کبھی اس جنگ کا حصہ نہیں رہیں اور معصوم بچیوں کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قبول نہیں۔