"دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے ملک کی جنگ ہے”؛ وزیراعظم کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہر ممکن معاونت کا یقین، بنوں حملے کی شدید مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات، بالخصوص بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے حملے کے تناظر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وفاقی حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی اور ‘فتنہ الخوارج’ کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن تکنیکی، مالی اور سیکیورٹی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے پاک افواج اور پولیس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے جوانوں کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیراعظم کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بقا کی جنگ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے مورال کو سراہا اور دہشت گردوں کو انسانیت کا دشمن قرار دیا۔

