وزیراعظم شہباز شریف اور قطری ہم منصب کے درمیان چند روز میں دوسرا ٹیلیفونک رابطہ، اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل جاسم آل ثانی کے درمیان چند روز کے دوران دوسری بار ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
اس رابطے میں دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال، امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی اقدامات اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق، دونوں وزرائے اعظم نے خطے میں استحکام کے لیے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن کی کوششوں کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے درمیان تعمیری روابط اور ڈائیلاگ نہایت ضروری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے امن کے قیام کے لیے قطر کے ثابت قدم اور مخلصانہ کردار کو بھرپور سراہا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ وہ امیرِ قطر کے آئندہ دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اہم دورے سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری اور اقتصادی و دفاعی تعاون کو نئی وسعت اور استحکام حاصل ہوگا۔

