"10 مئی پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، دشمن کے 8 طیارے مار گرائے”؛ صدر مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 10 مئی ملکی تاریخ کا ایک روشن اور سنہری باب ہے جس میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا وہ منہ توڑ جواب دیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں ‘یومِ معرکہ حق’ کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے واضح کیا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو بنیاد بنا کر بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال جنگ مسلط کی اور بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں ہماری مساجد اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔

صدر زرداری نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کے سپوتوں نے دشمن کے 8 جنگی طیارے مار گرا کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے اور ہم نے عالمی امن کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، لیکن ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں صدر مملکت نے بین الاقوامی امور پر بھی تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت اور پاکستان کے آبی مفادات کے تحفظ کی بات کی۔

صدر زرداری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان کی سرزمین کا پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال بند ہونا چاہیے اور بھارت کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔