"ہر طرف شاہینوں کا غلبہ اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا”؛ وزیراعظم کا 10 مئی کو ‘یومِ معرکہ حق’ منانے کا اعلان، عسکری قیادت کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ‘معرکہ حق’ (آپریشن بنیان مرصوص) کی پہلی سالگرہ کے موقع پر 10 مئی کو ہر سال ‘یومِ معرکہ حق’ کے طور پر منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر منعقدہ ایک باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا لیکن ہمارے سپوتوں نے ایسا جواب دیا کہ بھارت کو جان کے لالے پڑ گئے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں معرکہ حق کا نقشہ کھینچتے ہوئے کہا، "اس معرکے کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔”

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر ‘فالس فلیگ آپریشن’ کے ذریعے جھوٹا بیانیہ گھڑا، لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود وہ کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ مئی 2025 میں دشمن محض 4 گھنٹے کے اندر ہی جنگ بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہو گیا تھا۔

تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور غیر ملکی سفراء نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور ملٹری ڈپلومیسی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان ایک ہولناک جنگ کا خاتمہ ہوا۔

وزیراعظم نے چین، سعودی عرب اور ترکیہ کی جانب سے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔