اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال اور توانائی کے شعبے میں جاری پیش رفت پر اہم نکات پیش کیے ہیں۔
وزراء کا کہنا ہے کہ علاقائی تناؤ اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ملک میں معاشی استحکام کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کا ثبوت ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ہونے والا 14 فیصد اضافہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلاتِ زر اور بڑی صنعتوں (LSMs) کی پیداوار میں اضافہ معیشت کے لیے انتہائی مثبت اشارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کو متاثر ہونے سے بچایا ہے۔
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے مشکل وقت میں تعاون پر سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور ایران کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح عوامی ریلیف ہے، جس کے لیے کاشتکاروں اور موٹر سائیکل سواروں کو اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزراء نے عزم ظاہر کیا کہ جیسے ہی عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی آئے گی، اس کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔

