آبنائے ہرمز میں بحری تجارت کا تحفظ؛ برطانیہ نے اپنا جدید ترین جنگی جہاز ‘ایچ ایم ایس ڈریگن’ مشرقِ وسطیٰ بھیج دیا

لندن: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی بحری تجارت کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر برطانیہ نے اپنا جدید ترین فضائی دفاعی ڈسٹرائر ‘ایچ ایم ایس ڈریگن’ (HMS Dragon) خطے میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ اقدام آبنائے ہرمز میں بحری راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ تعیناتی اس ممکنہ بین الاقوامی مشن کی پیشگی تیاری ہے جو برطانیہ اور فرانس کی مشترکہ قیادت میں قائم ہونے والے کثیر الملکی اتحاد کے تحت انجام دیا جائے گا۔

ایچ ایم ایس ڈریگن اس سے قبل قبرص کے دفاع کے لیے مشرقی بحیرہ روم میں تعینات تھا، تاہم اب اسے مشرقِ وسطیٰ بھیج کر خطے میں دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

فرانس پہلے ہی اپنا بحری اسٹرائیک گروپ جنوبی بحیرہ احمر میں روانہ کر چکا ہے، اور اب دونوں یورپی ممالک تجارتی راستوں کے تحفظ اور عالمی بحری اعتماد کی بحالی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر کام کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، تاہم تجارتی گزرگاہوں کی حفاظت تاحال ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔