پاک چین دوستی کے 75 سال؛ وزیراعظم شہباز شریف 23 مئی کو چین کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ 23 سے 25 مئی تک چین کا انتہائی اہم سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ "آئرن کلاڈ” اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید استحکام دینا اور اقتصادی تعاون کے نئے افق تلاش کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور اپنے ہم منصب وزیراعظم لی چیانگ سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان زراعت، آئی ٹی، اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

ماہرین کے مطابق، موجودہ عالمی اور علاقائی تناظر میں وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی معاشی بحالی اور اسٹریٹجک پالیسیوں کے حوالے سے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔