ہنگو: خیبرپختونخوا پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے 100 سے زائد دہشت گردوں کی دراندازی اور بڑے حملے کی کوشش کو بہادری سے ناکام بنا دیا ہے۔
پیر کے روز سے شروع ہونے والے اس سہ روزہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد دہشت گرد اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو اٹھا کر فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد ضلع اورکزئی کے پہاڑوں سے ہنگو کے علاقوں زرگری، شناوری اور نریاب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور انہوں نے مختلف سرحدی پوسٹوں کا محاصرہ کرنے کی بھی کوشش کی۔
فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم، جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے داغے گئے مارٹر گولے مقامی آبادی پر گرنے سے 6 شہری شہید جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔
کامیاب آپریشن کے بعد اسکولوں، سرکاری املاک اور پہاڑی علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور البرق فورس کے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس فتنہ الخوارج کا مکمل صفایا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

