یو اے ای میں پاکستانیوں کو کوئی خطرہ نہیں؛ وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا مسترد کر دیا

اسلام آباد: وفاقی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے کسی مخصوص ملک یا فرقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی اجتماعی بے دخلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یو اے ای میں کسی مخصوص گروہ یا فرقے کے خلاف کوئی ‘ڈی پورٹیشن مہم’ نہیں چل رہی۔

حکام کے مطابق یو اے ای سے کسی بھی شہری کی بے دخلی صرف میزبان ملک کے قوانین کی خلاف ورزی، ویزا شرائط کی عدم پاسداری، قیام کی مدت ختم ہونے یا غیر قانونی دستاویزات کی بنیاد پر معمول کی کارروائی کا حصہ ہوتی ہے۔ اس عمل کا کسی مخصوص فرقے یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی شہری بغیر کسی تفریق کے بدستور یو اے ای اور دیگر دوست ممالک میں ورک ویزا حاصل کر رہے ہیں اور ملازمت کے مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

وزارتِ داخلہ نے عوام کو خبردار کیا کہ ایسی جعلی خبریں بدنیتی اور مذموم مقاصد کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ غلط فہمیاں پیدا کی جا سکیں۔

وزارت نے غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل کو سفارتی ذرائع سے ‘کیس ٹو کیس’ بنیاد پر حل کیا جاتا ہے۔