عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ؛ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی لیٹر نرخ 414 روپے سے تجاوز کر گئے

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر کے مہنگائی سے ستائی عوام پر بوجھ مزید بڑھا دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا اطلاق 9 مئی سے کر دیا گیا ہے اور یہ قیمتیں اگلے ایک ہفتے کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کے نئے نرخ 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قیمتوں میں اس اضافے کی ایک بڑی وجہ پیٹرولیم لیوی میں اضافہ ہے۔ پیٹرول پر لیوی 103.50 روپے سے بڑھا کر 117.41 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر لیوی 28.69 روپے سے بڑھا کر 42.60 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 29 اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔

عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اس حالیہ اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔