فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کا عالمی سطح پر اعتراف؛ امریکی صدر نے ‘عظیم جنگجو’ قرار دے دیا
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کو عالمی سطح پر زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
اسپین کے معروف جریدے ‘ایل پائس’ (El País) نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور سیز فائر مذاکرات میں فیلڈ مارشل کا کردار انتہائی کلیدی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک فاتح اور بہادر فوجی رہنما کے طور پر ابھرے۔
جریدے نے اس بات کو تاریخی قرار دیا کہ پہلی مرتبہ کسی امریکی صدر نے کسی پاکستانی فوجی سربراہ کی اس سطح پر میزبانی کی جو سربراہِ مملکت نہیں تھے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کو "غیر معمولی، بہادر اور عظیم جنگجو” کے القابات سے نوازا ہے۔
ایل پائس کا مزید کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان چند عالمی شخصیات میں شامل ہیں جو بیک وقت واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ مؤثر پیغام رسانی اور اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔
ماہرینِ ارضی سیاسیات (Geopolitics) کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کو ایک بڑی تباہی سے بچانے میں ان کا کردار فیصلہ کن رہا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل کی پیچیدہ علاقائی معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت نے انہیں عالمی سطح پر مرکزِ نگاہ بنا دیا ہے، جو پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر باعثِ فخر ہے۔

